نئی دہلی، 4؍ ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان آنے جانے والے مسافروں اور مال نقل و حمل کے قوانین میں اصلاحات کے لیے کئے گئے معاہدے کے مطابق بنگلہ دیش کی پہلی گاڑی کل یہاں پہنچ جائے گی۔جغرافیائی پوزیشن سسٹم (جی پی ایس )سے لیس گاڑی میں تجارتی سامان لایا جا رہا ہے اور یہ کل پٹپر گنج کے بین ممالک کنٹینر ڈپو (آئی سی ڈی )پہنچے گی ۔آئی سی ڈی کے ایڈیشنل کمشنر ونایک آزاد نے کہاکہ یہ ایک تاریخی موقع ہے، جب اہم سامان سے بھری بنگلہ دیش کی اس گاڑی کو بغیر دوسرا ٹرک بدلے ہندوستان آنے کی اجازت دی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ گاڑی مغربی بنگال کی پیٹراپول سرحد کے راستے گزشتہ ماہ کے آخر میں ہندوستان میں داخل ہو چکی تھی ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال، اس معاہدے سے پہلے تک، بنگلہ دیش میں رجسٹرڈ ٹرکوں کو ہندوستان اور ہندوستان میں رجسٹرڈ ٹرکوں کو بنگلہ دیش میں داخل ہونے کی اجازت سے متعلق شق نہیں تھی ۔قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال جون میں بنگلہ دیش-بھوٹان ،ہندوستان ، نیپال موٹر گاڑی سمجھوتہ کیا گیاتھا ، جس میں ایک ملک کی گاڑیوں کو دوسرے ملک کی سرحد میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی تھی ۔آزاد نے میڈیا کو بتایاکہ اس معاہدے سے ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سامان کی نقل و حمل زیادہ مؤثر ہو گئی ہے۔اس میں وقت کے ساتھ ساتھ پیسے اوروسائل کی بھی بچت ہوتی ہے۔سڑک ٹرانسپورٹ اور ہائی وے کی وزارت نیز کسٹم محکمہ نے ملک میں پڑوسی ممالک سے آنے والی گاڑیوں کی بلارو ک ٹوک نقل و حمل کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔